حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لاہور/ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماؤں علامہ احمد اقبال رضوی، اسد نقوی، ممبر صوبائی اسمبلی سیدہ زہرہ نقوی، علامہ حسن ہمدانی، حسن کاظمی، سید حسین شاہ، رائے ناصر علی، خرم نقوی اور مولانا مظہر عباس پر مشتمل اعلیٰ سطح وفد نے لاہور میں نو منتخب سینٹر اعجاز چوہدری سے ملاقات کی۔ وفد نے سینٹ کا رکن منتخب ہونے پر انہیں مبارک باد پیش کی۔
ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں نے پنجاب میں عزاداروں پر قائم کیے جانے والا بلاجواز مقدمات کے اندراج کو ملت تشیع کے خلاف انتقامی کارروائی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پرامن شہریوں کے نام شیڈول فور میں شامل کرنا علاقائی امن کو خراب کرنے کے مترادف ہے۔چنیوٹ انتظامیہ ملت تشیع کے خلاف مسلسل انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ہم قانون و انصاف کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں لیکن قانون کے نام پر کسی زیادتی کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
وفد نے مطالبہ کیا کہ اختیارات سے تجاوز کرنے والے انتظامی افسران کو لگام دی جائے اور ملت تشیع کے خلاف غیر منصفانہ اقدامات کو روکا جائے۔اعجاز چوہدری نے ملت تشیع کے تحفظات دور کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔